’ہتھیار ڈالنے کا آپشن نہیں‘ ،یوکرین کا دفاع جاری رکھنے کا اعلان
یوکرین کے شہر ماریو پول میں جنگ سے بدترین تباہی کی تصاویر نے دنیا بھر میں شہریوں کے لیے ہمدردی کی لہر پیدا کر دی ہے۔
پیر کو روسی افواج ماریو پول پر اپنا قبضہ مکمل کرنے کے لیے بڑھ رہی ہیں جبکہ یوکرین نے ہر قیمت پر شہر کا دفاع جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
ادھر یوکرین کے صدر ویلادیمیر زیلنسکی نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ڈونباس کے مشرقی علاقے کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔
صدر زیلنسکی نے اتوار کی شام اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’روسی فوجیں ہمارے ملک کے مشرقی علاقوں میں جلد جارحانہ کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ وہ حتمی طور پر ڈونباس کو تباہ کرنے کا منصوبہ بنا چکی ہیں۔‘
خیال رہے کہ روسی افواج نے اتوار کو ازوفسٹال سٹیل پلانٹ میں موجود یوکرینی فوجیوں کو ہتھیار ڈال کر خود کو حوالے کرنے کا الٹی میٹم دیا تھا۔
یوکرین کی حکومت نے ڈونباس کے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ روسی جارحیت سے بچنے کے لیے مغربی علاقے میں منتقل ہو جائیں۔

