’مشکل فیصلہ کر رہے ہیں‘، پیٹرول، ڈیزل مزید مہنگا
پاکستان میں حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا اعلان کیا ہے۔
بدھ کو رات گئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس میں ملک کی مشکل اور دگرگوں معاشی حالت کا نقشہ کھینچنے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا۔
پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے فی لیٹر سے زائد کا اضافہ کیا گیا ہے اور نئی قیمت 235 روپے لیٹر ہو گئی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ’اس وقت ہم فی لیٹر پیٹرول میں 24 روپے تین پیسے جبکہ ڈیزل میں 67 روپے کا نقصان کر رہے ہیں۔‘
حکومت نے اس نقصان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ’عالمی سطح پر پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت 120 ڈالر فی بیرل ہے۔ عمران خان نے جان بوجھ کر پیٹرول کی قیمت کم رکھی۔ انہوں نے جو معاہدے کیے ان سے ہمارے ہاتھ باندھ رکھے ہیں۔‘
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ’یہ عمران خان نے اگلی حکومت کے لیے ٹریپ چھوڑا تھا۔‘
ان کے مطابق ’اب ہمارے امپورٹ بل پر اثر پڑ رہا ہے اس لیے کچھ نہ کچھ اقدام لینا پڑ رہا ہے۔‘
وزیرخزانہ نے کہا کہ’ہم 80 لاکھ غریب پاکستانیوں کو ماہانہ دوہزار روپے دیے ہیں۔ ہم اس طرح آٹھ کروڑ پچاس لاکھ لوگوں کا مداوا کرنے کی کوشش کریں گے۔‘

