پاکستان

کراچی این اے 240 کے ضمنی الیکشن کے دوران پُرتشدد واقعات، ایک ہلاک

جون 16, 2022

کراچی این اے 240 کے ضمنی الیکشن کے دوران پُرتشدد واقعات، ایک ہلاک

پاکستان کی شہر کراچی کے حلقہ این اے 240 میں پولنگ کے دوران لانڈھی میں سیاسی جماعتوں کے تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق تصادم لانڈھی نمبر چھ میں ہوا جہاں ایک سیاسی جماعت کے انتخابی کیمپ اکھاڑے گئے، کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا، ہاتھا پائی ہوئی اور ڈنڈوں کا استعمال کیا گیا جس کے سبب متعدد لوگ زخمی ہوگئے۔

سیاسی جماعتوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے سبب علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور بازار بند ہوگئے۔

ہنگامہ آرائی کے بعد علاقے میں سخت کشیدگی پھیل گئی، پولیس کی ریپڈ رسپانس فورس کے کمانڈوز کی نفری علاقے میں پہنچ گئی اور جھگڑے پر قابو پانے کی کوششیں شروع کردیں۔

تصادم کے بعد رینجرز نے علاقے میں گشت شروع کردیا جب کہ سیاسی جماعتوں کے کارکنان مختلف پوائنٹس پر جمع ہوگئے۔ ایس پی لانڈھی نے کہا ہے کہ ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کی کوششیں کررہے ہیں، موقع سے کچھ افراد کو حراست میں لیا ہے۔

تصادم کے بعد ایم کیو ایم، پاک سرزمین پارٹی اور تحریک لبیک کی جانب سے ایک دوسرے پر جھگڑا، تشدد اور فائرنگ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ لانڈھی میں پی ایس پی کے کارکنان نے ہمارے پولنگ کیمپ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ہمارے متعدد کارکنان زخمی ہوگئے جن میں سے تین کی حالت تشویش ناک ہے۔

پاک سرزمین پارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت کے دہشت گردوں نے چئیرمین پی ایس پی سید مصطفی کمال پر جان لیوا حملہ کیا، یہ حملہ لانڈھی نمبر 6 میں کیا گیا۔

پاک سر زمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم اور ٹی ایل پی نے ہمارے دفتر پر حملہ کیا، صبح سے یہ لوگ دھاندلی کررہے تھے، ہم نے انہیں روکا تو دونوں سیاسی جماعتوں نے حملہ کردیا۔

پی ایس پی کے سربراہ مصطفی کمال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پولنگ کے دوران دھاندلی ہوئی، جہاں دھاندلی ہورہی تھی ہم پکڑتے جارہے تھے، پھر ایم کیو ایم نے لانڈھی نمبر 6 میں ہمارا کیمپ اکھاڑ دیا، ہمارے کارکنوں کو ڈنڈوں اور سریوں سے مارا۔

تحریک لبیک (ٹی ایل پی) نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت کے کارکنان نے ہمارے امیر سعد حسین رضوی کی گاڑی پر فائرنگ کی ہے۔ امیر ٹی ایل پی کے لانڈھی نمبر 6 جاتے ہوئے پی ایس پی کے دہشت گردوں نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 کارکنان کو گولیاں لگیں

کراچی پولیس چیف کا کہنا ہےکہ 200سے زائد افراد نے آکر صورت حال خراب کرنے کی کوشش کی، پولیس کی بھاری نفری نے پورے علاقےکو کلیئرکرایا ، ہنگامے میں ملوث افراد کی شناخت جلد کرلیں گے۔

ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو اوڈھو کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ جب ایک پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ جب ایک پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوئے تب حالات کشیدہ ہوئے۔

واضح رہے کہ تصادم میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ایک زخمی دوران علاج دم توڑ گیا۔

مرنے والے شخص کی شناخت 60 سالہ سیف الدین کے نام سے ہوئی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے