شرائط پر عمل مکمل، گرے لسٹ سے نکالنے سے قبل ٹیم پاکستان آئے گی
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان نے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کی روک تھام سے متعلق شرائط پر عمل مکمل کر لیا ہے اور گرے لسٹ سے نکالے جانے سے قبل ایف اے ٹی ایف کی ٹیم اسلام آباد آئے گی۔
جمعے کو ایف اے ٹی ایف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان نے تمام شرائط مکمل کر لی ہیں۔ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کر کے شرائط پر عمل درآمد کا جائزہ لے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ’پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کے لیے اصلاحات مکمل کیں۔ پاکستان نے 34 آئٹمز پر مشتمل اپنے دو ایکشن پلان مکمل کر لیے ہیں۔‘
یاد رہے کہ جون 2018 میں گرے لسٹ میں شامل کیے جانے کے بعد گذشتہ چار سال سے پاکستان ایف اے ٹی ایف کی اس فہرست میں موجود ہے۔

