کابل میں گردوارے پر حملے میں دو ہلاک، سات زخمی
Reading Time: < 1 minuteافغانستان کے دارالحکومت کابل میں سکھوں کی عبادت گاہ گردوارے میں دھماکے کے بعد مسلح افراد اندر گھس گئے جن کے ساتھ طالبان اہلکاروں کا مقابلہ جاری ہے۔
غیرملکی میڈیا کےمطابق کابل کے گردوارے میں زور دار دھماکہ اس وقت ہوا جب وہاں 30 سے زائد سکھ یاتری موجود تھے۔ دھماکے کے بعد درجن بھر مسلح افراد نے گردوارے میں داخل ہوکر 30 سے زائد افراد کو یرغمال بنالیا۔
گردوارے سے 3 سکھ یاتری کسی طرح نکلنے میں کامیاب ہوگئے جن میں سے دو زخمی ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ دھماکے میں گردوارے کی حفاظت پر مامور طالبان محافظ جاں بحق ہوگیا اورایک سکھ یاتری کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے۔
حملے کی اطلاع ملنے پر طالبان اہلکار گردوارے پہنچ گئے اور محاصرہ کرلیا۔ تاحال گردوارے میں موجود مسلح افراد اور طالبان اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والا سکھ یاتری 60 سالہ سویندر سنگھ ہے جس کا خاندان دہلی میں آباد ہے تاہم وہ خود غزنی میں مقیم ہے جب کہ طالبان محافظ کی شناخت احمد کے نام سے ہوئی ہے۔
گردوارے پر حملے کی ذمہ تاحال کسی نے بھی قبول نہیں کی ہے۔