اسلام آباد میں غیر ملکیوں اورغیرقانونی پناہ گزینوں کی رجسٹریشن شروع
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مقیم غیر ملکیوں،ملازمین ،کرایہ داروں اور غیر قانونی پناہ گزینوں کی فوری رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سنیچر کو چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد نے فوری رجسٹریشن کا حکم جاری کر تے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ کو رجسٹریشن دو یوم میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس غیرقانونی پناہ گزینوں کے لیے متبادل جگہ دیکھ رہی ہے جہاں انہیں ٹھہرایا جائے گا۔
پولیس کے مطابق رجسٹریشن کا یہ اقدام ان کی سکیورٹی کے لیے ہے تاکہ کوئی دہشت گرد یا شرپسند ان کے درمیان نہ ٹھہرسکے۔
پولیس نے کہا ہے کہ شہری اپنے ملازمان،کرایہ داروں اور غیرقانونی پناہ گزینوں کی فوری رجسٹریشن کروائیں۔
ترجمان وفاقی پولیس نے کہا کہ ہوٹل مالکان رہائش کے لئے آنے والے مہمانوں اور غیرملکیوں کا مکمل ریکارڈ رکھیں اور ان کی تفصیلات متعلقہ تھانے کو مہیا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ غیرقانونی رہائش دینے والے شہریوں، ہوٹل مالکان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔اسلام آباد کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

