عدالت کا اینکر عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کرانے کا حکم
پاکستان نے شہر کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی وزیر حسین میمن نے ٹی وی اینکر وسابق رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کا حکم دے دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کے لیے کراچی ضلع شرقی کی عدالت میں دائر درخواست پر فیصلہ سنا دیا گیا۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ عامر لیاقت کی قبر کشائی کرکے پوسٹ مارٹم کیا جائے۔ درخواست گزار عبدالحد نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ معروف اینکر عامر لیاقت حسین کی موت کا تعین ضروری ہے۔
سرکاری وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ورثا پوسٹ مارٹم کرانا نہیں چاہتے، ورثا کے مطابق پوسٹ مارٹم سے والد صاحب کی روح کو تکلیف پہنچے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ورثا کہتے ہیں ہمیں کسی پر شک بھی نہیں ہے۔
عدالت نے درخواست گزار کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل عامر لیاقت اپنے کمرے میں مردہ پائے گئے تھے۔عامر لیاقت کے ملازمین نے انہیں ہسپتال پہنچایا،ڈاکٹرز کا موقف تھا کہ انہیں مردہ حالت میں لایا گیا تھا۔
عامر لیاقت کے ورثا نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا تھا۔

