مزید مشکل فیصلے کرنا پڑے تو غریب کے لیے کریں گے:شہباز شریف
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیٹرول کا تعلق آئی ایم ایف سے نہیں۔ بہت مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، پچھلی نااہل حکومت کی وجہ سے معاشی بحران ورثے میں ملا، معاشی بحالی کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑے تو کریں گے۔
منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا ہم نے دل پر پتھر رکھ کر پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ روک کر اور سبسڈی دے کر آنے والی حکومت کے لیے جال بچھایا، ہم عوام کوریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، پچھلی نااہل حکومت کی وجہ سے ہمیں معاشی بحران ملا، دنیا میں معاشی صورتحال بہت گھمبیر ہے، یہ مشکل وقت ضرور ہے لیکن ہم عوام کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کریں گے لیکن معاشی بحالی کے لیے مزید مشکل فیصلے کرنے پڑے تو کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ بجٹ میں عوام پر سے ٹیکس کا بوجھ مزید کم کریں گے۔امید ہے امیر طبقہ مشکل وقت میں قوم کا ساتھ دے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی۔اس وقت بہت مشکلات ہیں لیکن شبانہ روز محنت سے پاکستان کو مشکل صورت حال سے نکالیں گے۔

