لاپتہ افراد کے لیے آواز اٹھانے والے کراچی کے سماجی کارکن ارسلان خان اغوا
کراچی میں سماجی کارکن ارسلان خان کو اُن کے گھر سے اغوا کر لیا گیا ہے۔
جمعے کو ارسلان خان کی اہلیہ عائشہ نے اپنے شوہر کے لاپتہ ہونے یا اغوا کا الزام رینجرز پر لگایا۔
ایک ویڈیو پیغام میں اُن کی اہلیہ نے کہا کہ رینجرز اہلکاروں سے پوچھا کہ شوہر کا جُرم کیا ہے اور گرفتاری کے وارنٹ دکھائے جائیں جس پر جواب دیا گیا کہ ارسلان خان ریاست کے خلاف لکھتے ہیں، اور اس نے پریشان کر کے رکھا ہے۔
ارسلان کی اہلیہ عائشہ نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ رات کے لگ بھگ چار بجے تھے وہ اور بچے سو رہے تھے کہ دروازے پر دستک ہوئی اور پھر اس کے بعد 15 کے قریب رینجرز اہلکار گھر میں داخل ہو گئے۔
سوشل میڈیا پر کراچی کے سرگرم سماجی کارکنوں کے مطابق ارسلان خان لاپتہ افراد کے لیے آواز اٹھاتے تھے اور کراچی میں گجر نالے سمیت دیگر علاقوں سے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد بنائی گئی ’کراچی بچاؤ تحریک‘ میں بھی سرگرم رہے۔

