عالمی خبریں

عالمی پابندیوں کے شکار روسی صدر پوتن کن ملکوں کے دورے پر نکلے ہیں؟

جون 27, 2022

عالمی پابندیوں کے شکار روسی صدر پوتن کن ملکوں کے دورے پر نکلے ہیں؟

روس کے سرکاری ٹی وی نے کہا ہے صدر ولادیمیر پوتن رواں ہفتے وسطی ایشیا میں دو سابق سوویت ریاستوں کا دورہ کریں گے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ روسی صدر کا یوکرین پر حملے کے حکم کے بعد پہلا غیرملکی دورہ ہو گا۔

روس کے رواں سال 24 فروری کو یوکرین پر حملے سے ہزاروں افراد ہلاک جبکہ لاکھوں بے گھر ہو گئے ہیں۔ خود روس کو مغرب کی جانب سے نہائیت سخت پابندیوں کا سامنا ہے۔

پوتن نے کہا ہے کہ یہ (پابندیاں) دوسری طاقتوں چین، انڈیا اور ایران سے تجارتی تعلقات مضبوط کرنے کی وجہ ہیں۔

سرکاری ٹی وی روس 1 کے نمائندے پاول زروبین کے مطابق پوتن تاجکستان اور ترکمانستان کا دورہ کریں گے اور پھر ماسکو میں انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ملاقات کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ دوشنبہ میں، پوتن تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کریں گے، جو روس کے قریبی اتحادی اور سابق سوویت ریاست کے سب سے طویل عرصے تک رہنے والے حکمران ہیں۔

اشک آباد میں وہ کیسپین ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جن میں آذربائیجان، قازقستان، ایران اور ترکمانستان کے رہنما شامل ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے