امریکہ میں ٹرالر سے 46 لاشیں، 16 بے ہوش افراد برآمد
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں ایک ٹرک سے کم از کم 46 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔
مقامی میئر کے مطابق یہ غیرقانونی پناہ گزین تھے جن کو پڑوسی ملک میکسیکو سے ٹیکساس کے جنوب میں سمگل کیا جا رہا تھا۔
حکام نے دیگر 16 افراد کو ٹرک سے مقامی ہسپتال بھی منتقل کیا ہے۔
شہر کے فائر چیف چارلس ہُڈ نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ’جن متاثرین کو ہسپتال پہنچایا وہ ہیٹ سٹروک اور گھٹن کا شکار تھے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ریفریجیریٹڈ ٹریکٹر ٹرالر تھا لیکن بظاہر اس کا کوئی اے سی کام نہیں کر رہا تھا۔‘
سان انتونیو کے فائر کنٹرول کے محکمے کے مطابق ان افراد کی موت ہیٹ سٹروک اور گھٹن کے باعث ہوئی تاہم مرنے والوں میں بچے شامل نہیں۔
سان انتونیو کے مقامی نیوز چینل ووائے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹرک ریاست کے جنوب مغربی علاقے میں ریل کی پٹڑی کے قریب سے کھڑا ملا ہے۔
نیوز چینل کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئیں تصویروں میں دکھایا گیا کہ ٹرالر کے اردگرد پولیس اہلکار بڑی تعداد میں موجود ہیں جبکہ ایمبولینس بھی کھڑی ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق میکسیکو کی سرحد سے امریکہ میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش میں گزشتہ دہائیوں کے دوران ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور یہ واقعہ ان میں سے سب سے زیادہ ہلاکت خیز ہے۔

