کوئٹہ بس حادثے میں اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کے پانچ طلبہ ہلاک
اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے حال ہی میں گریجویشن کرنے والے پانچ طلبہ بھی شامل ہیں جن کے گھروں میں کہرام مچ گیا ہے۔
اتوار کی صبح پیش آنے والے حادثے کی تفصیل سامنے آنے کے بعد طلبہ کے کلاس فیلوز اور دوست ان کی فیس بک پوسٹس شیئر کرتے ہوئے رنج و الم کا اظہار کر رہے ہیں۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سات طلبہ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں کوئٹہ جا رہے جن میں سے پانچ زخمی ہونے کے بعد جانبر نہ ہو سکے۔
سدا بہار بس کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 19 ہے جبکہ 16 افراد زخمی ہوئے۔
حادثے میں مرنے والے اسلامک یونیورسٹی کے طلبہ میں عتیق اللہ عرف (آغا جان) ، علاؤالدین کاکڑ، انورالحق، ادریس کاکڑ اور محمد نواز شامل ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ جوانی کی موت والدین کے لیے کسی قیامت سے کم نہیں ہوتی۔ اور پھر جب آپ اپنی ڈگریاں مکمل کر کے جا رہے ہوں تو گھر والے کئی خوابوں کی تعبیر ہوتے دیکھ رہے ہوتے ہیں، اس لمحے موت کی خبر آئے تو انسان کے پاؤں سے زمین نکل جاتی ہے۔

