مجھے کہا جاتا آپ کی چیخیں عمران خان کو سنانی ہیں:جاویدلطیف
Reading Time: 2 minutesپاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا آج رونا دھونا اس لئے ہے کہ انہیں بھارت سے فنڈنگ کا جواب دینا ہے۔ لابنگ فرم ہائر کرنے کے لئے پیسہ کہاں سے آتا ہے؟
جمعرات کواسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف کا کہنا تھا میرے خلاف غداری کا مقدمہ بنایا گیا تو مجھے جیل میں 6 بائی 4کے کمرے میں رکھا گیا، مجھ سے کہا جاتا تھا کہ آپ کے رونے کی آواز عمران خان کو سنانی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے 14 دن کے ریمانڈ میں 7 جج تبدیل ہوئے، مجھے گرفتار کیا گیا تو میرے بھائی کو بھی غائب کر دیا گیا تھا۔آج شہباز گل کا بارہ روزہ ریمانڈ ہی دے دیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گل وہ طوطا ہے جس میں کئی لوگوں کی جان ہے، کسی پر بھی تشدد کے خلاف ہیں لیکن یہاں دوسری گیم کھیلی جا رہی ہے، تین بار کے وزیراعظم اور ان کے خاندان کے ساتھ جیلوں میں کیا کچھ نہیں ہوا، نواز شریف اپنے احوال کا چوتھا حصہ بھی بتا دے تو خون ریزی ہو جائے۔
جاوید لطیف کہنا تھا کہ شہباز گل نے تفتیش میں پہلے دن جو بتایا وہی ان کے لیے خطرناک ہے، عمران خان کو اصل ڈر یہ ہے کہ وہ ڈوریں ہلانے والوں کا نام نہ لے لے، فواد چوہدری نے کہا کہ فوج کے منہ کو خون لگ چکا ہے، پھر کہا جج اور جرنیل بند کمروں میں فیصلے کرتے ہیں، ہم نے ریاست کے لیے سب کچھ برداشت کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں ماہانہ 62 لاکھ روپے امریکی فرم کو کہاں سے دیا جا رہا ہے، جو نعرے ان کے اسٹیج سے لگے کسی کو ان کے ایجنڈے کے بارے کوئی شک باقی نہیں رہا۔
جاوید لطیف نے کہا کہ اب حقیقی قیادت کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، نواز شریف اس لیے واپس آ رہے ہیں کیونکہ ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ ادارے کس حد تک نیوٹرل ہیں۔اداروں نے کبھی بھی ن لیگ کی حکومت کو قبول نہیں کیا۔