محمد رضوان اور پاکستانی سپنرز کے سامنے ہانگ کانگ بے بس، بڑی شکست
ایشیا کپ ٹی20 کے چھٹے میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست دے کر سپر فور کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
جمعے کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں 194 رنز کے تعاقب میں ہانگ کانگ کے بلے باز پاکستانی سپنرز کے سامنے بے بس ہو گئے اور کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔
شاداب خان نے چار، محمد نواز نے تین اور نسیم شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں پاکستان نے ہانگ کانگ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔
محمد رضوان 78 اور خوش دل شاہ 35 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ہانگ کانگ کی جانب سے احسن خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں کا ساتھ جلد ہی ختم ہوگیا، اور بابر صرف نو رنز بنا کر احسن خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

