اہم خبریں متفرق خبریں

لندن سے چوری کی گئی مہنگی بینٹلے کار کراچی میں پکڑ لی گئی

ستمبر 3, 2022 < 1 min

لندن سے چوری کی گئی مہنگی بینٹلے کار کراچی میں پکڑ لی گئی

Reading Time: < 1 minute

برطانیہ سے چوری کی گئی لگژری بینٹلے کار پاکستان کسٹمز نے کراچی سے برآمد کر لی ہے۔

کسٹم حکام کے مطابق کارروائی برطانوی سکیورٹی ادارے کی معلومات پر کی گئی۔

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس ہاوسنگ اتھارٹی کے ایک گھر میں کھڑی کار کو تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرکے دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ (سی سی ای) کے مطابق برآمد ہونے والی گاڑی کو کراچی میں رجسٹرڈ نمبر پلیٹ لگائی گئی تھی۔

حکام کے مطابق بعض تبدیلیوں کے ساتھ کار کو استعمال کیا جارہا تھا۔

گاڑی کو تحویل میں لینے کے بعد جائزہ لیا گیا جس میں ثابت ہوا کہ کار کا چیسز نمبر اور برطانیہ سے چوری ہونے والی گاڑی کا چیسز نمبر مماثلت رکھتا ہے۔

بینٹلے ملسن برانڈ کی وی 8 گاڑی کا شمار دنیا کی مہنگی کاروں میں ہوتا ہے۔

پاکستان میں اس کی مالیت چار کروڑ روپے بنتی ہے۔

چوری کر کے لائی گئی کار محکمہ ایکسائز سندھ میں رجسٹرڈ ہے۔

کسٹمز حکام کے مطابق ابتدائی انکوائری کے دوران کار کے مالک نے انکشاف کیا کہ گاڑی اسے کسی نے فروخت کی اور متعلقہ حکام سے تمام مطلوبہ دستاویزات کو کلیئر کرنے کی ذمہ داری بھی لی تھی۔

محکمے نے نشاندہی پر ایک اور شخص کو بھی گرفتار کیا جس نے خود کو بروکر کے طور پر متعارف کرایا ہے۔

مرکزی ملزم کو تاحال حراست میں نہیں لیا جاسکا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے