اہم خبریں متفرق خبریں

عمران خان کے سیاسی جلسے میں بیان پر فوج میں غصہ ہے: آئی ایس پی آر

ستمبر 5, 2022 < 1 min

عمران خان کے سیاسی جلسے میں بیان پر فوج میں غصہ ہے: آئی ایس پی آر

Reading Time: < 1 minute

پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ سیاسی جلسے میں فوج کی سینیئر قیادت کے بارے میں عمران خان کے بیان پر آرمی میں غم و غصہ ہے۔

پیر کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق فیصل آباد میں ہونے والے سیاسی جلسے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے پاک فوج کی سینئر قیادت کے بارے میں ہتک آمیز اور انتہائی غیر ضروری بیان پر پاکستان آرمی میں شدید غم و غصہ ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ایسے وقت میں فوج کی سینیئر قیادت کو متنازع بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے جب فوج قوم کی سکیورٹی اور حفاظت کے لیے ہر روز جانیں قربان کر رہی ہے۔

بیان کے مطابق آرمی چیف کی تعیناتی کی آئین میں واضح طریقہ کار کی موجودگی کے باوجود سینیئر سیاستدانوں کی جانب سے اس عہدے کو متنازع بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوج کی سینیئر لیڈر شپ کی اہلیت اور حب الوطنی اُن کی دہائیوں پر محیط بے داغ اور شاندار عسکری خدمات سے عیاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کو سیاست میں ملوث کرنے کی کوشش اور آرمی چیف کی تعیناتی کے طریقہ کار کو متنازع بنانا نہ پاکستان کے مفاد میں ہے اور نہ ہی فوج کے مفاد میں ہے۔

بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آرمی اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی بالادستی کے عزم پر قائم ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے