پاکستان

دنیا پاکستان میں دہشت گردی کے سہولت کار ملک کے خلاف کارروائی کرے: وزیر خارجہ

دسمبر 16, 2022

دنیا پاکستان میں دہشت گردی کے سہولت کار ملک کے خلاف کارروائی کرے: وزیر خارجہ

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی، مالی معاونت اور سہولت کاری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کی ہے۔

پاکستان کے سرکاری ریڈیو کے مطابق جمعے کو نیویارک میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ’پاکستان میں انڈیا کی دہشت گردی‘ سے متعلق ڈوزیئر کے بارے میں صحافیوں کو آگاہ کیا۔

پاکستانی حکام کے مطابق اس ڈوزیئر میں 2021 میں لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دہشت گردی کے حملے میں ’انڈیا کے ملوث ہونے کے ثبوت‘ ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ’اسلام آباد نے اقوام متحدہ پر بھی زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں حملے میں ملوث چار افراد کی فہرست دے جس کا مقصد ون بیلٹ اینڈ ون روڈ انیشیٹو کے تحت چین کے ساتھ اس کی اقتصادی منصوبوں کو نشانہ بنانا تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’انڈیا کے ایک سابق قومی سلامتی کے مشیر نے بھی پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کا اعتراف کیا ہے۔‘
بلاول بھٹو نے انڈیا سے ’ایسے تمام ہتھکنڈوں‘ کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد صرف پاکستان پر حملہ کرنے سے مطمئن نہیں ہوں گے بلکہ ایک دن وہ انڈیا کو بھی نشانہ بنائیں گے۔

دوسری جانب انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے انڈیا کے خلاف ڈوزیئر کے حوالے سے ردعمل میں سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے بیان کا حوالہ دیا۔

خبر ایجنسی اے این آئی کی جانب سے ٹویٹ کی گئی ایک ویڈیو میں ایس جے شنکر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے