لکی مروت میں تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ، چار پولیس اہلکار ہلاک
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشتگردوں نے تھانے پر حملہ کیا ہے جس میں چار پولیس اہلکار مارے گئے جبکہ چار زخمی ہوئے۔
وزیراعلی محمود خان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے۔
ضلعی پولیس حکام کے مطابق سنیچر کو رات گئے تھانہ برگی پر فائرنگ کی گئی اور بعد ازاں دستی بم اور راکٹ فائر کیے گئے۔
دہشت گرد کارروائی مکمل کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جس کے بعد ضلع کے دیگر علاقوں سے پولیس کے دستے طلب کیے گئے۔
پولیس کی بھاری نفری پہنچنے پر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔
مارے جانے والے چار پولیس اہلکاروں میں محرر ہیڈکانسٹیبل ابراہیم، کانسٹیبل عمران، کانسٹیبل خیرالرحمن اہلیٹ فورس اور کانسٹیبل سبزعلی شامل ہیں۔ جبکہ زخموں میں اے ایس آئی گل صاحب خان، کانسٹیبل بلقیاز کانسٹیبل امیرنواز اور کانسٹیبل فرمان اللہ کے نام سامنے آئے ہیں۔
لکی مروت کے اس علاقے میں گزشتہ روز دو افراد کو ذبح کر کے قتل کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ ماہ بھی چھ پولیس اہلکاروں کو تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں قتل کیا گیا تھا۔

