امارات کا پاکستان کو اضافی ایک ارب ڈالر قرض دینے پر اتفاق
متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان کے لیے دو ارب ڈالر کے موجودہ قرض کو رول اوور کرنے اور ایک ارب ڈالر کا اضافی قرض فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم ہاؤس سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جمعرات کو ابوظبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی۔
صدر شیخ محمد بن زاید نے وزیراعظم شہباز شریف کا ابوظبی میں خیرمقدم کیا اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خواہش ظاہر کی۔
انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے گرانقدر تعاون کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے برادر ملک میں مدعو کرنے پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے کی خواہش کا اظہار کیا ۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں فریقوں نے سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید گہرا کرنے، شراکت داری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے انضمام کے مواقع کو فعال کرنے پر اتفاق کیا۔
انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت کی رفتار پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ اور تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور رفتار فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر دو طرفہ تبادلوں اور باقاعدہ بات چیت کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
متحدہ عرب امارات کے صدر نے 2 بلین امریکی ڈالر کے موجودہ قرض کو رول اوور کرنے اور 1 بلین امریکی ڈالر اضافی قرض فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی جس پر انہوں نے رضامندی ظاہر کی۔
دورے کی تاریخوں کا فیصلہ سفارتی ذرائع سے کیا جائے گا۔

