لنگر خانے والے کو مزید موقع دیا جاتا تو پاگل خانے بھی بنا دیتا: سراج الحق
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہےکہ لنگر خانے بنانے والے کو مزید موقع دیا جاتا تو وہ پاگل خانے بھی بنا دیتا۔
راولپنڈی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی سراج الحق سیاسی مخالفین پر سخت تنقید کی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ شہباز شریف، آصف زرداری اور عمران خان کی وجہ سے پاکستان کی 23 کروڑ عوام آئی ایم ایف کے مقروض ہیں، جماعت اسلامی کو موقع ملا توپیپلزپارٹی، ن لیگ اور عمران خان کی جائیدادیں بیچ کر پاکستان کا قرضہ اتاریں گے۔
سراج الحق نے دعویٰ کیا کہ وہ جب خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تھے تو اس وقت صوبے پر ایک روپے کابھی قرضہ نہیں تھا، آج پی ٹی آئی کی حکومت میں خیبر پختونخوا پر ایک ہزار ارب روپے کا قرضہ ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ لنگر خانے بنانے والے کو مزید موقع دیا جاتا تو وہ پاگل خانے بھی بنا دیتا۔