عالمی خبریں

یروشلم میں یہودی عبادت گاہ پر فائرنگ، 7 افراد ہلاک

جنوری 28, 2023 < 1 min

یروشلم میں یہودی عبادت گاہ پر فائرنگ، 7 افراد ہلاک

Reading Time: < 1 minute

فلسطین کے شہر یروشلم میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر ایک مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں سات افراد ہلاک جبکہ دس زخمی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایسے وقت پر پیش آیا جب ہولوکاسٹ کے متاثرین کی یاد میں منائے جانے والے دن کے موقع پر عبادت گاہ میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مغربی کنارے میں واقع فلسطینیوں کے پناہ گزین جنین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے حملے میں 10 فلسطینی اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق مسلح شخص جمعے کی رات 8 بج کر 15 منٹ پر موقع پر پہنچا اور فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔

اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مسلح شخص کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا ہے۔

ٹیلی ویژن پر دکھائی جانے والی فوٹیج میں کئی زخمیوں کو عبادت گاہ کے باہر سڑک پر پڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

پولیس کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کو ’دہشت گردی‘ قرار دیا گیا ہے جبکہ فلسطین کے مغربی کنارے میں حالات مزید کشیدہ ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حملے کی ذمہ داری فی الحال کسی نے بھی قبول نہیں کی تاہم اسلامی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم کا کہنا ہے جنین کیمپ پر حملے کے جواب میں ’آپریشن کیا گیا ہے۔‘

اسرائیلی میڈیا کے مطابق مسلح شخص مشرقی یروشلم کا رہنے والا فلسطینی تھا تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

اسرائیل کے دفتر خارجہ نے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 بتائی ہے جبکہ ایمبولنس سروس کا کہنا ہے 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے