کوئٹہ سے کراچی جانے والے بس کو حادثہ، 39 مسافر جل کر ہلاک
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس کو لسبیلہ کے قریب حادثہ پیش آیا ہے جس میں کم از کم 39 مسافر ہلاک ہو گئے جبکہ چار زخمی ہیں۔
اتوار کی صبح اسسٹنٹ کمشنر بیلہ حمزہ انجم ندیم نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مسافر بس میں 48 افراد سوار تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد تین افراد کو ریسکیو کیا جا سکا اور بس میں آگ لگنے کے باعث دیگر افراد پھنس کر رہ گئے۔
حمزہ انجم ندیم نے بتایا کہ ممکنہ طور پر حادثہ تیز رفتار کے باعث پیش آیا ہوگا اور مسافر بس موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں گری۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے 39 مسافروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جو ناقابل شناخت ہیں.

