عالمی خبریں

خودکش اتنی تباہی نہیں پھیلاتا، پاکستان پشاور دھماکے کی تحقیقات کرے: افغان وزیر خارجہ

فروری 1, 2023 < 1 min

خودکش اتنی تباہی نہیں پھیلاتا، پاکستان پشاور دھماکے کی تحقیقات کرے: افغان وزیر خارجہ

Reading Time: < 1 minute

افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے کہا ہے کہ پاکستان الزامات لگانے کے بجائے پشاور دھماکے کی باریک بینی سے تحقیقات کرے۔

بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزراء سے بھی امید کرتے ہیں وہ اپنے کندھوں کا بوجھ دوسروں پر نہیں ڈالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے مسائل کی بنیادیں اپنے گھر میں تلاش کریں۔ انہیں مشورہ دیتے ہیں کہ پشاور دھماکے کی پوری باریکی سے تحقیقات کریں۔

امیر خان متقی نے کہا کہ یہ خطہ بارود، دھماکوں اور جنگوں سے آشنا ہے۔ یہ ممکن ہی نہیں کہ کوئی جیکٹ، کوئی خودکش، کوئی چھوٹا بم اتنی تباہی پھیلائے۔

ان کے مطابق پچھلے بیس سالوں میں انہوں نے کوئی بم ایسا نہیں دیکھا جو مسجد کی چھت اور سینکڑوں انسانوں کو اڑائے۔ لہذا اس کی باریک بینی سے تحقیق ہونی چاہیے۔ اس کا الزام افغانستان پر نہ لگایا جائے۔

انہوں نے پاکستانی حکام سے کہا کہ اگر آپ کے بقول افغانستان دہشت گردی کا مرکز ہے تو یہ بھی آپ ہی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ اگر دہشت گردی افغانستان میں ہوتی تو یہ چین کی جانب بھی پھیلتی، تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان اور ایران کی جانب بھی پھیلتی۔

افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر افغانستان کے پڑوسی ممالک میں امن ہے۔ خود افغانستان میں امن ہے تو معلوم ہوا کہ دہشت گردی یہاں نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ایک دوسرے سے تعاون کریں، ایک دوسرے سے بھائیوں والا رویہ رکھیں، ایک دوسرے پر الزامات نہ لگائیں۔ باہمی دشمنی کا بیج نہ بوئیں۔ یہ دو برادر اقوام ہیں دونوں بھائی چارے کی فضا میں زندگی گذاریں گے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے