پاکستان

’اسلام آباد پولیس اور عدالت پر حملے‘ کی تفتیش کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

مارچ 21, 2023

’اسلام آباد پولیس اور عدالت پر حملے‘ کی تفتیش کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

پاکستان کی اتحادی حکومت نے پولیس اور عدالت پر حملوں کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے منگل کو بتایا کہ ’جے آئی ٹی بنانے کا اقدام گزشتہ روز حکومت میں شامل جماعتوں کے اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔‘

کیا عمران خان نے ’حکومت کی چالیں‘ ان پر واپس پلٹ دیں؟
بیان کے مطابق ’اعلٰی اختیارات کی حامل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کی سمری تیار کر لی گئی ہے۔‘
’وزارتِ داخلہ جے آئی ٹی کی تشکیل کی سمری آج (منگل کو) وزیراعظم کو بھجوائے گی۔‘

وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ جے آئی ٹی میں وزارتِ داخلہ، پولیس اور حساس اداروں کے سینیئر افسران بھی شامل ہوں گے اور یہ ٹیم سات دِن میں تحقیقاتی رپورٹ پیش کرے گی۔

’جے آئی ٹی جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں پولیس پر تشدد کی تحقیقات کرے گی۔ پٹرول بم حملوں، کالعدم تنظیموں کے تربیت یافتہ عسکریت پسندوں سے متعلق حقائق جمع کیے جائیں گے۔‘

’جوڈیشل کمپلیکس کا گیٹ توڑنے، پتھراﺅ، موٹرسائیکل اور گاڑیاں جلانے کے تمام شواہد جمع کئے جائیں گے۔‘

تحقیقات میں ’پولیس پر آنسو گیس شیل کس نے چلائے، کس نے مہیا کیے، اس کا بھی تعین کیا جائے گا۔ جے آئی ٹی ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اکسانے، تشدد پر بھڑکانے کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے