ایرانی خواتین کے لیے لازمی حجاب، عوامی مقامات پر کیمرے نصب
Reading Time: 2 minutesایران میں پولیس نے عوامی مقامات پر کیمرے نصب کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ لازمی ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کی شناخت کر کے انہیں سزا دی جائے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پولیس کی جانب سے سنیچر کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والی خواتین کی شناخت کے بعد ان کے موبائل نمبر پر انتباہی پیغام بھیجا جائے گا۔
بیان کے مطابق اس اقدام کا مقصد حجاب کے قانون کے خلاف جاری مزاحمت کو روکنا ہے، اس قسم کی مزاحمت سے ملک کا روحانی تاثر داغدار ہونے کے علاوہ عدم تحفظ پھیلتا ہے۔
گزشتہ سال ستمبر میں مہسا امینی کی پولیس حراست میں ہلاکت کے بعد ایران میں مزاحمتی تحریک نے جنم لیا جس میں نہ صرف خواتین بلکہ مردوں نے بھی ملک بھر میں حکومت کے جارحانہ اقدامات کے خلاف مظاہرے کیے۔
اس دوران اکثر خواتین نے حجاب کے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مزاحمتاً حجاب جلائے اور پہننے سے انکار کیا۔
گرفتاری کے خدشے کے باوجود ابھی بھی اکثر خواتین مالز، ریستوران، دکانوں اور سڑکوں پر حجاب کے بغیر نظر آتی ہیں۔
پولیس نے بیان میں کاروبار چلانے والوں سے بھی ارد گرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھنے کا کہا ہے تاکہ سماجی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔
اس سے ایک ہفتہ قبل وزارت داخلہ نے جاری بیان میں کہا تھا کہ حجاب ایرانی تہذیب کی بنیادوں میں سے ایک ہے اور جمہوریہ اسلامی کا ایک عملی اصول ہے۔
وزارت داخلہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ بغیر حجاب والی خواتین کی مخالفت کرتے ہوئے ان کا سامنا کریں۔
اس سے پہلے بھی حکومتی سطح پر اس قسم کے احکات جاری کیے گئے ہیں جن سے سخت گیر خیالات رکھنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوئی اور انہوں نے بغیر کسی قانونی کارروائی کے خوف کے خواتین پر حملے کیے۔
وزارت داخلہ کے بیان کے اگلے روز ایرانی چیف جسٹس نے عوامی مقامات پر حجاب نہ کرنے والی خواتین کے خلاف ’بے رحمانہ‘ قانونی کارروائی کرنے کی دھمکی دی تھی۔