برطانیہ میں مدہوش خاتون کا ریپ، انڈین طالب علم گرفتار
Reading Time: 2 minutesبرطانیہ میں نشے میں نیم بے ہوش خاتون کا ریپ کرنے والے انڈین طالب علم کو ایک سال بعد شناخت کر کے گرفتار کیا گیا ہے۔
برطانوی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ’یہ خاتون بہت زیادہ نشے میں تھی اور رات کے آخری پہر اس کو بالکل ہوش نہیں تھا۔ وہ کلب سے باہر گئی پریت وکال سے ملی، دونوں کے درمیان گفتگو ہوئی اور پھر وہ اپنے دوستوں سے علیحدہ ہو کر چلے گئے۔‘
ایک ویڈیو میں اس لڑکے کو خاتون کو پہلے بازوؤں اور پھر کندھوں پر اٹھا کر جاتے دیکھا جا سکتا ہے، اور پھر وہ خاتون کو اپنے فلیٹ پر لے جاتا ہے۔ جب وہ ایک پب کے سامنے سے گزرتے ہیں تو خاتون کو لڑکے کا سہارا لے کر چلتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ساؤتھ ویلز پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’کارڈیف میں ایک شخص کو خاتون کا ریپ کرنے پر جیل بھیجا گیا ہے۔ کارڈیف میں اجنبیوں کے اس طرح کے حملے بہت کم سامنے آتے ہیں، لیکن پریت وکال ایک خطرناک شخص ہے۔ اس نے نشے میں مدہوش خاتون کا فائدہ اٹھایا۔‘
خاتون کو گھر لے جانے کے بعد اس نے لڑکی کی تصویر لی اور فخریہ انداز میں اسے اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے ہمت اور بہادری کے ساتھ اس واقعے کے بارے میں بتایا۔ پولیس نے سکیورٹی کیمروں اور خاتون کو انسٹاگرام پر بھیجے گئے پیغام سے لڑکے کی شناخت کی۔
ادھر این ڈی ٹی وی کے مطابق اس لڑکے کا نام پریت وکال ہے جو گذشتہ برس جون میں اس خاتون کو کارڈیف میں اپنے فلیٹ پر لے کر گیا اور پھر اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔
پریت وکال اور یہ خاتون اپنے اپنے دوستوں کے ساتھ کارڈیف کے ایک کلب گئے تھے جہاں ان کی آپس میں ملاقات ہوئی۔