زرداری اور شہباز شریف میں تنازع، نجم سیٹھی کا دستبرداری کا اعلان
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ وہ آصف زرداری اور شہباز شریف کے درمیان تنازعے کی وجہ نہیں بننا چاہتے اس لیے خود کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی چیئرمین شپ کی دوڑ سے باہر کرتے ہیں۔
منگل کی صُبح ایک ٹویٹ میں نجم سیٹھی نے لکھا کہ ’سب کو سلام! میں آصف زرداری اور شہباز شریف کے درمیان تنازع کی وجہ نہیں بننا چاہتا۔ ایسا عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے اچھی نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ان حالات میں میں پی سی بی کی چیئرمین شپ کا امیدوار نہیں ہوں۔ تمام سٹیک ہولڈرز کو گڈ لک۔‘
خیال رہے کہ سابق صدر آصف زرداری اتحادی حکومت کے آخری دنوں میں مختلف عہدوں پر اپنے من پسند لوگوں کو تعینات کرنا چاہتے ہیں اور اُن کی خواہش ہے کہ ذکا اشرف پی سی بی کے چیئرمین بنیں۔
اپنے اثاثوں کے اعتبار سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مالدار ترین خودمختار باڈی سمجھا جاتا ہے۔
شہباز شریف کی خواہش ہے کہ نجم سیٹھی ہی کرکٹ بورڈ کا انتظام سنبھالے رکھیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں نجم سیٹھی پیپلز پارٹی کے زیادہ قریب رہے ہیں۔