اسلام آباد میں بارش سے دیوار گر گئی، 11 مزدور ہلاک
اسلام آباد میں دیوار گرنے سے 11 مزدور دب کر ہلاک ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب 100 فٹ لمبی اور 10 فٹ اونچی دیوار بارش کے دوران قریب ٹینٹ لگائے مزدوروں پر گر گئی۔
حکام کے مطابق پُل کی تعمیر کے لیے مزدوروں نے دیوار کے ساتھ ٹینٹ لگایا ہوا تھا اور وہاں رہائش پذیر تھے.
مشینیوں کی مدد سے دیوار کا ملبہ ہٹا کر لاشیں نکالی گئیں۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں شہروں میں موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں سیلابی صورتحال ہے اور نشیبی علاقوں سے شہریوں کا انخلا کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے ترجمان ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر مبشر ڈاہا نے بتایا کہ گیارہ مزدورں کی لاشیں لائی گئیں ہیں۔
ترجمان کے مطابق مرنے والوں کی عمریں 19 سے 36 سال کے درمیان ہیں۔
ڈاکٹر مبشر ڈاہا نے بتایا کہ دیوار گرنے کے باعث پمز میں چھ زخمی افراد بھی لائے گئے جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

