عالمی خبریں

امریکی تاریخ میں پہلی بار بحری فوج کی قیادت کے لیے خاتون کا انتخاب

جولائی 22, 2023 < 1 min

امریکی تاریخ میں پہلی بار بحری فوج کی قیادت کے لیے خاتون کا انتخاب

Reading Time: < 1 minute

امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعے کو بحری فوج کی قیادت کے لیے خاتون ایڈمرل لیزا فرنچیٹی کو نامزد کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جو بائیڈن کا یہ اقدام امریکی افواج میں صنفی امیتاز کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہو گا۔

لیزا فرنچیٹی بحریہ کی کمان کرنے اور جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی رکن بننے والی پہلی خاتون ہوں گی۔
امریکی صدر کا یہ فیصلہ کافی حیران کن ہے کیونکہ پینٹاگون حکام کا خیال تھا کہ اس عہدے کے لیے ایڈمرل سیموئیل پاپارو کو نامزد کیا جائے گا۔

ایڈمرل سیموئیل پاپارو بحرالکاہل میں بحریہ کی قیادت کر رہے ہیں اور جنہیں چین کے بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کا تجربہ بھی ہے۔

لیزا فرنچیٹی اس وقت امریکی بحریہ میں وائس چیف آف آپریشنز کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔
ایک بیان میں صدر جو بائیڈن نے لیزا فرنچیٹی کے 38 سالہ تجربے کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’اپنے پورے کیریئر کے دوران ایڈمرل فرنچیٹی نے آپریشنل اور پالیسی دونوں میدانوں میں وسیع مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔‘

’وہ امریکی بحریہ میں فور سٹار ایڈمرل کا رینک حاصل کرنے والی اب تک کی دوسری خاتون ہیں۔‘

لیزا فرنچیٹی امریکی فوج کی کسی شاخ کی سربراہی کرنے والی پہلی خاتون نہیں ہیں۔ گذشتہ برس جو بائیڈن نے ایڈمرل لنڈا فیگن کو امریکی کوسٹ گارڈ کی قیادت کے لیے منتخب کیا تھا۔

تاہم کوسٹ گارڈ باضابطہ طور پر محکمہ دفاع کا حصہ نہیں ہے اور محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے ماتحت ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے