پاکستان

وکیل قتل کیس، عمران خان کو سپریم کورٹ سے ریلیف

جولائی 24, 2023

وکیل قتل کیس، عمران خان کو سپریم کورٹ سے ریلیف

سپریم کورٹ نے بلوچستان پولیس کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو وکیل قتل کیس میں گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔

عمران خان کو سپریم کورٹ سے 9 اگست تک ریلیف ملا ہے۔

کوئٹہ میں وکیل کے قتل کے مقدمے میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو آئندہ سماعت تک گرفتار نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے نو اگست کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔

پیر کو سپریم کورٹ میں کوئٹہ میں وکیل کے قتل کے مقدمے میں نامزدگی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔

ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے موقف اپنایا کہ عمران خان کو کہیں وہ تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوں۔

جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ’کیا چیئرمین پی ٹی آئی آپ کو تفتیش کے لیے درکار ہیں؟ کس بنیاد پر آپ چیئرمین پی ٹی آئی کو شامل تفتیش کرنا چاہتے ہیں؟‘

ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی آر کے مطابق عمران خان کو شاملِ تفتیش کرنا چاہتے ہیں۔

عدالت نے سابق ویزراعظم عمران خان کو نو اگست تک ریلیف دیتے ہوئے کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا۔

عدالت نے بلوچستان حکومت کی عمران خان کو شاملِ تفتیش ہونے کا حکم دینے کی استدعا مسترد کر دی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے