پاکستان

گھریلو ملازمہ پر تشدد کا مقدمہ درج، جج کی اہلیہ کی گرفتاری

جولائی 25, 2023

گھریلو ملازمہ پر تشدد کا مقدمہ درج، جج کی اہلیہ کی گرفتاری

اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا ہے کہ کم عمر گھریلو ملازمہ پر تشدد کا مقدمہ درج کرنے کے لیے بچی کے والد کی درخواست موصول ہوئی ہے۔

پولیس کے بیان کے مطابق تشدد کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمہ کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع ہے۔

‏پولیس نے کہا ہے کہ مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جائے گی اور ‏ تمام ترقانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

بیان کے مطابق قانون سب کے لیے برابر ہے۔

پیر کو اسلام آباد کی جوڈیشل اکیڈمی میں تعینات سول جج چودھری عاصم حفیظ کی گھریلو ملازمہ کے والدین نے الزام لگایا کہ ان کی بچی کو گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا گیا.

میڈیا رپورٹس کے مطابق بچی کا تعلق پنجاب کے ضلع سرگودھا سے ہے اور وہ کچھ عرصے سے اسلام آباد میں جوڈیشل آفیسر کے گھر بطور ملازمہ کام کر رہی تھی۔

ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچی کے سر سمیت جسم پر15 جگہ چوٹوں کے نشانات ہیں۔ 15 چوٹوں کے علاوہ بچی کے اندرونی اعضا بھی متاثر ہیں۔

پولیس ترجمان نے کہا تھا کہ ’سرگودھا پولیس نے بچی کو ملازمت پر بھیجنے والے شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ جس سے معاملے پر تفتیش کی جائے گی۔‘

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ’سول جج عاصم حفیظ کا موقف ہے کہ بچی پر کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں ہوا۔ میں بذات خود تشدد کے خلاف ہوں۔ بچی سے کہا تھا کہ تمہیں گھر چھوڑ آتے ہیں تو اس نے دیوار کے ساتھ سر مار دیا۔‘

سول جج نے بتایا کہ ’بچی نے گھر کے باہر رکھے گملے سے مٹی کھائی جس سے چہرے پر داغ بن گیا، بچی کا پتہ چلا ہے کہ وہ لاہور ہے تو میں خود لاہور جا رہا ہوں۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے