کولمبو ٹیسٹ میں نسیم شاہ کی تباہ کُن بولنگ، سری لنکا کو اننگز کی شکست
Reading Time: 2 minutesپاکستان نے سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ایک اننگز اور 233 رنز سے ہرا کر سیریز میں کلین سویپ کر دیا ہے۔
جمعرات کو کولمبو ٹیسٹ کا چوتھا دن پاکستانی بولرز کے نام رہا، جنہوں نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی میزبان ٹیم کو بے بس کیے رکھا۔
سری لنکا کی دوسری اننگز کے دوران پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے غیرمعمولی بولنگ کی۔ انہوں نے 17 اوورز میں 44 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
فاسٹ بولر نے اپنے سپیل میں ریورس سوئنگ بولنگ کے غیرمعمولی جوہر دکھائے۔
اُن کے سپیل کے دوران دلچسپ مرحلہ تب آیا جب انہیں لگاتار تین گیندوں پر تین مرتبہ ڈی آر ایس پر ریویو کے باعث وکٹ نہ ملی۔
اننگز کے 61 ویں اوور کی دوسری گیند پر نسیم شاہ نے سری لنکن بیٹر رمیش مینڈس کو ایل بی ڈبلیو کیا، جس پر امپائر نے ناٹ آؤٹ دیا، اس پر پاکستان کے ریویو لینے پر معلوم ہوا کہ گیند وکٹوں کو نہیں لگی۔
اُس سے اگلی گیند پر ایک مرتبہ پھر سے نسیم شاہ نے مینڈس کو آؤٹ کیا جس پر اس مرتبہ امپائر نے آؤٹ دے دیا تاہم سری لنکا کے ریویو لینے پر معلوم ہوا کہ گیند وکٹوں کو نہیں لگی۔
یہ سلسلہ یہیں صرف نہیں رُکا بلکہ اس سے اگلی یعنی 61 ویں اوور کی چوتھی گیند پر لگاتار تیسری مرتبہ نسیم شاہ نے رمیش مینڈس کو ایل بی ڈبلیو کر دیا جس پر ایک مرتبہ پھر امپائر نے آؤٹ دیا تاہم بیٹر کے ریویو لینے پر علم ہوا کہ گیند وکٹوں کو نہیں لگی۔
نسیم شاہ اس کے بعد رُکے نہیں اور پیسر نے سری لنکا کی آخری تین وکٹیں لیتے ہوئے ٹیم کو تاریخی فتح سے ہمکنار کروا دیا۔
نسیم شاہ کی سنسنی خیز بولنگ پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرکٹ شائقین کے تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔