جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں دھماکہ خودکش نے کیا، طالبان کی مذمت
حکام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے ورکرز کنونشن میں دھماکہ خودکش نے کیا جس میں 45 کارکن ہلاک جبکہ 100 زخمی ہو گئے۔
اتوار کی سہ پہر ہونے والے اس دھماکے میں باجوڑ کے ڈپٹی کمشنر انوار الحق نے 45 ہلاکتوں کی تصدیق کی.کالعدم تحریک طالبان نے دھماکے کی مذمت کی ہے.
پولیس حکام کے مطابق شنڈئی موڑ ہیڈکوارٹر خار میں جاری کنونشن میں دھماکے کے بعد 40 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے باجوڑ حملے میں جےیوآئی کے ورکر کنونشن کے دوران دھماکے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم اور وزیراعلی سے افسوس ناک واقعے کی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے.
جاری کیے گئے بیان میں مولانا فضل الرحمان نے زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا اورجےیوآئی کے کارکنان کو ہسپتال پہنچ کر خون کے عطیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جےیوآئی کے کارکنان پر امن رہیں اور وفاقی و صوبائی حکومتیں زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کریں۔

