عمران خان کو جیل میں مکھیاں تنگ اور کیڑے کاٹتے ہیں: پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اٹک جیل میں چیئرمین عمران خان سے ان کی لیگل ٹیم کو ملاقات کی اجازت نہ دی گئی، ان تک رسائی دی جائے۔
اس سے قبل عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ نے اٹک جیل کے باہر کہا تھا کہ اُن کی عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے جن کو دن میںمکھیوںاور رات کو کیڑوں کے کاٹنے کا خدشہ ہے.
پیر کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کے اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومتی وزرا بی کلاس کی فراہمی کے جھوٹ پھیلا رہے ہیں، ملک کے سابق وزیراعظم کو جس طرح سے رکھا گیا ہے وہ بالکل نامناسب اور ان کے عہدے کے بالکل برعکس ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے جیل حکام سے مسلسل گزارش کی کہ ہمیں چیئرمین پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے، قانونی چارہ جوئی کے لیے عمران خان کے دستخط درکار تھے تاہم چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کی لیگل ٹیم کو ملاقات کی اجازت نہ دی گئی، نعیم پنجوتھہ خود اب ملاقات کر کے آئے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’چیئرمین پی ٹی آئی کو تنگ سیل میں رکھا گیا ہے جہاں صفائی نہ ہونے کے برابر ہے، وہ سہولت سی ٹائپ کے ملزمان کو دی جاتی ہے۔ حکومتی وزرا بی کلاس کے تمام جھوٹ پھیلا رہے ہیں، اٹک جیل میں ان قیدیوں کو رکھا جاتا ہے جنہیں تکلیف پہنچانی ہو۔‘
پی ٹی آئی کے نائب چیئرمین نے کہا کہ عمران خان سے ڈاکٹر، لیگل ٹیم اور ان کی فیملی کا ملنا قانونی حق ہے، اٹک جیل میں کسی بھی قسم کا کوالیفائڈ ڈاکٹر موجود نہیں ہے، یہاں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر سے ڈاکٹر کو بلایا جاتا ہے، ہم اسے عدلیہ کے فورم پر بھی لے جائیں گے۔

