توشہ خانہ کیس، ہائیکورٹ میں عمران خان کی اپیلوں پر بینچ تشکیل
توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی اور اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے دائر کی گئی عمران خان کی اپیلوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے بینچ تشکیل دے دیا ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔
عدالت نے اپیلیں بدھ کو سماعت کے لیے مقرر کی ہیں۔
قبل ازیں توشہ خانہ کیس میں عمران خان نے ٹرائل کورٹ سے تین سال سزا کے فیصلے کے خلاف اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی۔
عمران خان نے اپیل میں فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے عارضی طور پر سزا معطل کرکے ضمانت منظور کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔
عدالت کو اپیل میں بتایا گیا کہ سزا قانونی طور پر درست نہیں اور عمران خان اس وقت اٹک جیل میں قید ہیں۔
سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو سنیچر کو ٹرائل کورٹ کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

