عالمی خبریں

تشدد ناقابلِ قبول، پاکستان مسیحی عبادت گاہوں پر حملوں کی تحقیقات کرائے: امریکہ

اگست 17, 2023 < 1 min

تشدد ناقابلِ قبول، پاکستان مسیحی عبادت گاہوں پر حملوں کی تحقیقات کرائے: امریکہ

Reading Time: < 1 minute

امریکہ نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ جڑانوالہ میں گرجا گھروں اور مسیحیوں کے گھروں پر ہجوم کے حملوں کی تحقیقات کرائے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں چرچز اور مسیحی افراد کے گھروں پر حملوں پر شدید تشویش ہے، جن کو مبینہ طور پر قرآن کی بے حرمتی کی افواہ کے بعد نشانہ بنایا گیا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’امریکہ آزادی اظہار رائے کی حمایت کرتا ہے۔ تشدد یا تشدد کی دھمکی کو کبھی بھی اظہار کے کسی ذریعے کے طور پر قبول نہیں کیا جا سکتا۔‘

’ہم پاکستانی حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ الزامات کی مکمل تحقیقات کرائیں اور پرامن رہنے کی ہدایت کریں۔‘

مسلمان اکثریت رکھنے والے ممالک جیسے پاکستان میں توہین مذہب ایک حساس معاملہ ہے جہاں مذہب اور مذہبی شخصیات کی توہین پر موت کی سزا ہو سکتی ہے۔

آبادی کے لحاظ سے دنیا کے پانچویں بڑے ملک پاکستان میں توہین مذہب کا تازہ واقعہ بدھ کو سامنے آیا جس سے دو روز قبل ہی پیر کو ملک کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے حلف اٹھایا تھا۔

پاکستان کے ضلع فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں پولیس کے مطابق مبینہ طور پر توہینِ مذہب کے معاملے پر حالات کشیدہ ہیں۔

پولیس کی بھاری نفری شہر کے کشیدہ علاقوں میں گشت کر رہی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کو تبدیل کر دیا ہے جبکہ نئے اسسٹنٹ کمشنر نے پنجاب حکومت کو رینجرز کی تعیناتی کے لیے خط لکھا ہے۔

دوسری طرف پولیس نے دو مسیحی بھائیوں کے خلاف توہین مذہب کی ایف آئی آر بھی درج کر لی ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے