شاہ محمود قریشی اسلام آباد سے گرفتار، ایف آئی اے ہیڈکوارٹر منتقل
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی کو سنیچر کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے پولیس کی بھاری نفری نے گرفتار کیا۔
انہیں ایف آئی اے ہیڈکوارٹر منتقل کیا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کو وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سائفر کی تحقیقات کے سلسلے میں طلب کر رکھا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف نے اپنے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔
پی ٹی آئی کے میڈیا ونگ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی گرفتاری ’قانون کے غلط استعمال، سیاست میں ریاست کی شرانگیز مداخلت اور انسانی حقوق کیخلاف بدترین اقدام ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’نگران حکومت پی ڈی ایم کی مجرم حکومت کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے لاقانونیت اور فسطائیت کا ایجنڈا آگے بڑھا رہی ہے۔‘
’امریکہ میں پاکستانی سفیر کے بھجوائے جانے والے خفیہ مراسلے کی تحقیقات کی آڑ میں شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں۔ وہ ایف آئی اے کی جے آئی ٹی سے مکمل تعاون کر رہے تھے اور 24 جولائی کو باضابطہ پیش ہوئے تھے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی کا اصل جرم عمران خان کی قیادت پر غیرمبہم اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عمران خان ہی تحریک انصاف کے چیئرمین تھے، چیئرمین ہیں اور تاحیات چیئرمین رہیں گے۔

