نسیم شاہ کی شاندار بیٹنگ، افغانستان کو دوسرے میچ میں شکست
Reading Time: 2 minutesپاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر سیریز جیت لی ہے۔
جمعرات کے روز سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو جیتنے کے لیے 301 رن کا ہدف دیا تھا، جو پاکستان نے نسیم شاہ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کر لیا۔
اس سے قبل پاکستان نے 301 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ نویں اوور میں اس وقت گرگئی جب فخر زمان 30 رنز بنانے کے بعد فضل حق فاروقی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری، بابر اعظم پہلے نمبر پر براجمان
ان کے بعد کپتان بابر اعظم نے 66 گیندوں پر 53 رنز بنائے، لیکن وہ بھی فضل حق فاروقی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ محمد رضوان صرف دو رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔
آغا سلمان بھی محض 14 رنز ہی بنا سکے اور محمد نبی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اسامہ میر وکٹ پر ابھی قدم جما بھی نہ پائے تھے کہ کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
امام الحق نے سب سے زیادہ 91 رن بنائے جس کے بعد وہ مجیب الرحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ساتویں وکٹ افتخار احمد کی گری جو 17 رنز بنا کر عبدالرحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
شاہین شاہ آفریدی چار رنز بنانے کے بعد فضل حق کا شکار بنے اور ان کے بعد میچ کے سنسنی خیز مرحلے میں شاداب خان 48 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔
نسیم شاہ نے میچ کے آخری اوورز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت سے ہمکنار کروایا۔
پاکستان کو دو گیندوں پر تین رنز کی ضرورت تھی اور سٹرائیک پر نسیم شاہ موجود تھے۔ اوور کی پانچویں گیند پر نسیم شاہ نے ایک بار پھر تیز شاٹ کھیلنے کی کوشش کی اور گیند ان کے بیٹ کا کنارہ لے کر وکٹوں کے پیچھے باؤنڈری کراس کر گئی اور پاکستان میچ جیت گیا۔
افغان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 رن بنائے۔
افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گُرباز نے 14 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 151 گیندوں پر 151 رن کی اننگز کھیلی۔