افغانستان کو ’تبدیل شدہ ملک‘ قرار دینے پر برطانوی رکن پارلیمان کمیٹی سے مستعفی
Reading Time: < 1 minuteبرطانوی رکن پارلیمنٹ ٹوبیاس ایل ووڈ نے طالبان کے لیے اپنے تعریفی تبصروں پر شدید ردّعمل سامنے آنے کے بعد کامنز کمیٹی کے سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
جولائی میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں قدامت پسند سیاستدان ٹوبیاس ایل ووڈ نے اگست 2021 میں طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان کو ایک ’تبدیل شدہ ملک‘ قرار دیا تھا۔
انہوں نے اپنے افغانستان کے دورے کے بعد کہا تھا کہ ’سکیورٹی بہت بہتر ہوئی ہے، بدعنوانی اور افیون کی تجارت میں کمی آئی ہے۔‘
سابق وزیر دفاع نے خواتین کے حقوق کا تذکرہ بہت کم کیا جو طالبان کے دورِ حکومت میں بالکل ہی کم ہو گئے ہیں۔
ایل ووڈ کے تبصرے کی افغان خواتین، سابق فوجیوں اور کچھ کنزرویٹو ساتھیوں سمیت کراس پارٹی ڈیفنس سلیکٹ کے کئی ارکان نے مذمت کی تھی۔
دی گارڈین اخبار کے مطابق انہوں نے بدھ کو اُس وقت استعفیٰ دے دیا جب عدم اعتماد کا ووٹ ہونے کی توقع تھی۔
تحریک عدم اعتماد ان کے چار ساتھی کمیٹی کے اراکین کنزرویٹو مارک فرانکوئس، سابق مسلح افواج کے وزیر، رچرڈ ڈریکس، اور لیبر پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کیون جونز اور ڈیریک ٹوِگ نے پیش کی تھی۔
اپنے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ٹوبیاس ایل ووڈ نے اعتراف کیا کہ تبصرہ کرتے ہوئے اُن کی بات چیت ناقص تھی۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ انہیں یقین ہے کہ انہیں اب بھی کمیٹی کے ارکان کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے تاہم اس کے چیئرپرسن کے طور پر کام جاری رکھنا تباہ کن ہو گا۔
’مجھے یقین ہے کہ جب دفاع اور سلامتی کی بات آتی ہے تو میری آواز مضبوط ہے۔ میں جو سوچتا ہوں وہی بات کرتا ہوں۔ میں ہمیشہ اسے درست نہیں سمجھتا لہذا جب درست نہیں ہوتا تو میں دستبردار ہو جاتا ہوں۔‘