پروگرام میں تھپڑ اور دھمکی، افنان اللہ کا شیر افضل مروت پر مقدمہ
مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ خان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔
سنیچر کو سینیٹر افنان اللہ خان کی درخواست پر اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں دفعہ 506 اور 352 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
سینیٹر افنان اللہ خان نے شیر افضل مروت کے خلاف اندراج مقدمہ کے لیے درخواست دی تھی۔
شیر افضل مروت کے خلاف مقدمے میں جو دفعات لگائی گئیں ہیں ان میں سے ایک 506 کسی کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے پر لگتی ہے، جبکہ دفعہ 352 کسی پر حملہ کرنے کے حوالے سے ہے۔
خیال رہے کہ ٹی وی ٹاک شو کے دوران مسلم لیگ ن کے سینیٹر اور تحریک انصاف کے وکیل کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی تھی۔
ایکسپریس نیوز کے اینکر جاوید چوہدری کے پروگرام میں پی ٹی آئی کے شیر افضل مروت نے ن لیگ کے سینیٹر افنان اللہ کو تھپڑ رسید کیا تھا.
پروگرام کی ٹیم کے ایک ذریعے کے مطابق افنان اللہ نے تھپڑ کھانے کے بعد شیر افضل مروت کو دھکا دے کر زمین پر گرایا اور لٹا کر لاتیں رسید کیں۔
پروگرام کے ریکارڈنگ کریو اور کیمرا پرسنز نے دونوں مہمانوں کو چھڑایا۔
جاوید چودھری نے وقفے کے بعد کہا تھا کہ مروت صاحب یہاں سے چلے گئے ہیں اور پروگرام متوازن نہیں اس لیے وہ تحریک انصاف کے کسی دوسرے رہنما کو فون لائن پر لیں گے۔
بعد ازاں اے آر وائے سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے تسلیم کیاتھا کہ انہوں نے افنان اللہ کو تھپڑ مار کر تشدد کا راستہ اختیار کیا۔
مروت کے مطابق وہ پٹھان ہیں اور پٹھان گالی کے جواب میں تھپڑ مارتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ افنان اللہ نے عمران خان کو گالی دی تھی۔ عمران خان کو یہودی ایجنٹ پکارا تھا۔