کھیل

میکسویل کی ڈبل سینچری، آسٹریلیا کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں

نومبر 7, 2023 2 min

میکسویل کی ڈبل سینچری، آسٹریلیا کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں

Reading Time: 2 minutes

کرکٹ ورلڈ کپ کے 39 ویں میچ میں آسٹریلیا افغانستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے والی تیسری ٹیم بن گئی۔

آسٹریلیا نے افغانستان کی جانب سے دیا گیا 292 رنز کا ہدف 47 ویں اوور میں گلین میکسویل کی شاندار ڈبل سینچری کی بدولت 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

آسٹریلوی بلے باز گلین میکسویل افغانستان کی ممکنہ شاندار فتح کے سامنے دیوار بن کر کھڑے رہے۔

انجری کا شکار ہونے کے باوجود انہوں نے افغان بولرز کو تگنی کا ناچ نچایا اور وکٹ کے چاروں طرف خوب صورت شاٹس کھیل کر ڈبل سینچری سکور کی۔

انہوں نے 128 گیندوں پر 201 بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، ان کی اننگز میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔
انجری کی وجہ سے وہ دوڑ کر کئی یقینی سنگلز اور ڈبلزنہ لے سکے اور چوکوں اور چھکوں کی مدد سے ہی ٹیم کا مجموعی سکور آگے بڑھاتے رہے۔

ایک وقت میں آسٹریلیا کی سات وکٹیں 91 رنز پر گر گئی تھی اور یوں لگ رہا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم جلدی پویلین لوٹ جائے گئی، تاہم گلین میکسویل نے کپتان پیٹ کمنز کے ساتھ آسٹریلیا کی جیت کی امیدیں قائم رکھیں۔

گلین میکسویل اور پیٹ کمنز کے درمیان 202 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس میں پیٹ کننز کے صرف 12 رنز شامل تھے جبکہ انہوں نے 68 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔

اس سے قبل منگل کو ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد افغان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے اوپننگ بیٹر ابراہیم زدران نے سینچری سکور کرتے ہوئے 143 گیندوں پر 129 رنز بنائے جبکہ راشد خان نے 35 اور رحمت شاہ نے 30 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے جوش ہیزل وُڈ نے دو جبکہ مچل سٹارک اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والا یہ میچ دونوں ٹیموں کا ورلڈ کپ میں آٹھواں میچ تھا۔

اس میچ کے لیے آسٹریلیا نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی تھیں جس کے بعد سٹیو سمتھ کی جگہ مچل مارش اور کیمرون گرین کی جگہ گلین میکسویل کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے