سائفر کیس، جیل ٹرائل کے دوران ملزمان کے اہلخانہ کو بیٹھنے کی اجازت
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے اہل خانہ کو سائفر کیس میں جیل ٹرائل کے دوران کمرہ عدالت میں موجود رہنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
جمعے کو مقدمے کے پراسیکیوٹر شاہ خاور نے میڈیا ٹاک میں بتایا کہ وکلا صفائی کی عدم دستیابی کے باعث سماعت 14 نومبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی جانب سے جو کمرہ عدالت پر اعتراض ہوتا تھا، آج جیل کے کمیونٹی ہال میں سماعت ہوئی۔
پراسیکیوٹر کے مطابق ملزمان کے 5،5 فیملی ممبرز کو عدالت میں آنے کی اجازت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کو خود عدالت سے استدعا کرنا چاہیے،یہ جیل ٹرائل ہے،تمام چیزیں جیل مینول کے مطابق ہوں گی۔
مقدمے کی آج کی کارروائی کے بارے میں پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے بتایا کہ وکلا صفائی نے درخواست کی کہ وہ سموگ کی وجہ سے عدالت پیش نہیں ہو سکتے۔ آئندہ سماعت پر 6 گواہان کو ریکارڈ کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 28 گواہان ہیں 3 ریکارڈ کریں گے،خیال یہ ہے کہ 26 گواہ ریکارڈ ہوں گے۔
ملزمان نے خود آج عدالتی ماحول پر اعتماد کا اظہار کیا۔

