راولپنڈی میں المناک واقعہ، تین معصوم بہن بھائی کھیلتے ہوئے چل بسے
راولپنڈی کی شاہ خالد کالونی میں تین بچے ٹرنک میں بند ہونےکے باعث موت کے منہ میں چلے گئے۔
ریسکیو سروس کے ترجمان کے مطابق لواحقین نے بتایا کہ تینوں بچے کھیلتے ہوئے ٹرنک میں بند ہو گئے تھے۔
ترجمان کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے سی پی آر کرتے ہوئے تینوں بچوں کو ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ترجمان نے بتایا کہ مرنے والے بچوں میں دو لڑکیاں اور ایک لڑکا ہے۔
موت کے منہ میں جانے والے بچوں میں 2 سالہ زوہان، 6 سالہ سائرہ اور سات سالہ فاریہ شامل ہیں۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق تینوں بچے حقیقی بہن بھائی ہیں۔
پولیس کے مطابق مرنے والے بچوں کا والد وسیم خالد بائیکیا چلاتا ہے جبکہ ماں اقراء بی بی نجی مارٹ میں ملازمت کرتی ہے.
بچوں کے ماموں محمد احسان نے بتایا کہ والدین بچوں کی لاشیں لے کر آبائی علاقے چکوال روانہ ہوگئے ہیں.
ماموں کے مطابق بچے گھر میں اکیلے تھے،والدین موجود نہیں تھے،والد کے گھر آنے پر بچوں کی تلاش شروع کی گئی.
ماموں کے مطابق تلاش کرنے پر بچے آٹےکی خالی پیٹی سے ملے.

