پاکستان

لاہور ڈیفنس کی سڑک پر کار کے کرتب، حادثے میں چھ افراد ہلاک

نومبر 12, 2023

لاہور ڈیفنس کی سڑک پر کار کے کرتب، حادثے میں چھ افراد ہلاک

لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز سیون میں رات کو کار کے ذریعے کرتب دکھانے والے نوجوان ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہو گئی۔ پولیس کے مطابق پیش آنے والے حادثے میں زخمی ایک ہی خاندان کے چھ افراد دم توڑ گئے۔

ریسکیو سروس نے تمام افراد کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا تھا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ رخسانہ، 4 سالہ عنابیہ، 4 ماہ کا حذیفہ، 27 سالہ محمد حسین، 30 سالہ سجاد، 23 سالہ عائشہ شامل ہیں۔

حادثہ ڈرائیور کی تیز رفتاری، غفلت اور زگ زیگ کے باعث پیش آیا، ڈرائیور کی شناخت افنان شفقت کے نام سے ہوئی، پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا اور مقدمہ درج کرلیا، پولیس نے حادثہ کا باعث بننے والی گاڑی کو بھی تحویل میں لئے لیا۔ پولیس نے تمام حادثہ کا شکار جاں بحق افراد کو پوسٹ مارٹم کے لیے لاہور کے جنرل اسپتال منتقل کر دیا۔

پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تصادم کا شکار گاڑیوں کو مین روڈ سے ہٹایا، جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کر لیے اور حادثے کی تحقیقات جاری ہے۔

حادثے میں مرنے والے افراد کا تعلق رفاقت علی کے خاندان سے تھا، حادثہ کا شکار بدقسمت خاندان دو گاڑیوں میں سوار تھا۔ رفاقت علی اپنی فیملی کے ہمراہ بیٹی کے سسرال ڈی ایچ اے فیز 7 سے واپس جا رہے تھے۔

حادثے کا شکار بدقسمت خاندان لاہور کے علاقہ شاداب کالونی فیروز پور روڈ کے رہائشی تھے۔ حادثے میں رفاقت کی بیوی 45 سالہ رخسانہ، بیٹا 27 سالہ حسنین، بہو 23 سالہ عائشہ، پوتا 4 ماہ کا حذیفہ، داماد 30 سالہ سجاد اور نواسی 4 سالہ انابیہ شامل ہیں۔

ملزم ڈرائیور افنان شفقت پر تیز رفتاری، لاپرواہی اور قتل بالسبب کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے