پاکستان

فیض حمید کے حق میں ثاقب نثار کے اِن چیمبر احکامات غیرقانونی: سپریم کورٹ

نومبر 14, 2023

فیض حمید کے حق میں ثاقب نثار کے اِن چیمبر احکامات غیرقانونی: سپریم کورٹ

پاکستان کی سپریم کورٹ نے انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) کے سابق سربراہ فیض حمید کے خلاف ہاؤسنگ سوسائٹی پر قبضے کی درخواست کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے احکامات کو غیرقانونی قرار دیا ہے۔

تحریری فیصلے میں سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی اِن چیمبر کارروائی یا سماعت کی قانونی حیثیت نہیں۔


فیض حمید کے خلاف زمین پر قبضے کے کیس میں تین رکنی بینچ کی جانب سے منگل کو جاری کیے گئے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’ہیومن رائٹس سیل میں دی گئی درخواستوں پر چیمبر میں ہونے والی سماعت قانونی نہ تھی۔‘

عدالت عظمیٰ کے تفصیلی فیصلے میں جسٹس اطہر من اللہ کا دو صفحات پر مشتمل اضافی نوٹ بھی شامل ہے۔

تفصیلی فیصلے کے مطابق ’سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار ایچ آر سیل کی درخواستوں کو رجسٹر کرکے صرف سماعت کے لیے مقرر کرنے کے ہی مجاز تھے۔‘

’پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے بعد چیف جسٹس کا یہ اختیار بھی ختم ہوچکا ہے اور نئے قانون کے تحت تین ججز پر مشتمل کمیٹی ہی بنیادی حقوق کی درخواستوں کے حوالے سے فیصلے کی مجاز ہے۔‘

جسٹس اطہر من اللہ نے دو صفحات پر مشتمل اضافی نوٹ میں لکھا کہ ’سپریم کورٹ میں ایچ آر سیل 2005 سے کام کر رہا ہے۔‘

دوران سماعت بتایا گیا کہ ’سپریم کورٹ میں قائم کردہ انسانی حقوق سیل قانون کے مطابق نہیں جبکہ چیف جسٹس کی جانب سے چیمبر میں دیے گئے احکامات، اقدامات بھی کسی قانون کے مطابق نہیں ہیں۔‘

سپریم کورٹ کے انسانی حقوق کے جاری کردہ خطوط سے عدالتی احکامات ہونے کا غلط تاثر پیدا ہوتا ہے۔ چیف جسٹس کی جانب سے فریقین کو چیمبر یا میٹنگ رُوم میں بلانا شفاف ٹرائل کے منافی ہے۔

عدالت عظمیٰ نے فیض حمید کے خلاف زمین پر مبینہ قبضے کے حوالے سے دائر درخواست نمٹاتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ ’سابق ڈی جی آئی ایس آئی اور ان کے معاونین کے خلاف شکایات کے ازالے کے لیے وزارت دفاع سمیت متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔‘

جمعرات 9 نومبر کو کی گئی سماعت میں سپریم کورٹ نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک کی جانب سے دی گئی درخواست نمٹا دی تھی۔

سپریم کورٹ نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کے دور میں انسانی حقوق کے کیسز کی ان چیمبر سماعت کو غیرقانونی قرار دیا تھا۔

عدالت عظمیٰ میں فیض حمید کے خلاف زمین پر مبینہ قبضے کے الزام میں انسانی حقوق کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار معیز احمد پیش ہوئے تھے۔

انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ ’2017 میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی کے حکم پر ان کی رہائش گاہ اور پر دفتر پر چھاپہ مارا کیا گیا۔‘

معیز احمد نے الزام لگایا تھا کہ ’فیض حمید کی جانب سے اس غیر قانونی کارروائی کا مقصد ان کی ہاؤسنگ سوسائٹی کا قبضہ حاصل کرنا تھا۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے