کراچی کے شاپنگ مال میں آتشزدگی، کم از کم 11 ہلاک
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں آتشزدگی کے نتیجے میں کم سے کم 11 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ سات افراد کو بے ہوشی کی حالت میں عمارت سے باہر نکالا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ شرقی کے مطابق جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب راشد منہاس روڈ پر واقع کثیر المنزلہ عمارت آر جے مال میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
’واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو کے ادارے جائے وقوع پر پہنچے اور آپریشن کا آغاز کیا ہے۔ عمارت سے اب تک سات افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ آٹھ افراد کو بے ہوشی کی حالت میں باہر نکالا گیا ہے۔‘
ضلعی انتظامیہ کے مطابق 42 مزید افراد کو عمارت سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔
جناح ہسپتال میں شعبہ حادثات کی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر نوشین رؤف کے مطابق سات افراد کی لاشیں جناح ہسپتال منتقل کی گئی ہیں۔ جن میں دو افراد کی شناخت ہو گئی ہے جبکہ تین افراد شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
کراچی محکمہ فائر بریگیڈ کنٹرول روم کے مطابق راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں آگ بجھانے کا کام اب تک جاری ہے، آگ عمارت کی چھٹی منزل تک پہنچ گئی ہے۔
’آپریشن میں فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیاں، دو سنارکل اور دو باوزر کام کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔ پہلے مرحلے میں کوشش کی جا رہی ہے کہ عمارت میں پھنسے افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا جائے۔

