جنگ بندی ختم، اسرائیل کے غزہ پر نئے حملے
اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ جنگ میں سات روزہ وقفے کے بعد غزہ پر دوبارہ حملے شروع کر دیے ہیں۔
غزہ کا کنٹرول سنبھالنے والی حماس اور اسرائیل میں سات روزہ جنگ بندی میں مزید توسیع نہیں کی جا سکی۔
اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی حماس نے کی اور اسرائیل کی جانب فائر کیا۔
جمعرات کو حماس نے غزہ میں آٹھ اسرائیلی یرغمالیوں اور اسرائیل نے 30 فلسطینی قیدیوں کو جنگ بندی کے معاہدے میں آخری لمحات میں توسیع کے تحت رہا کیا تھا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اسرائیل نے جمعرات کو سب سے پہلے رہا ہونے والی دو خواتین کی شناخت 21 سالہ میا سکیم اور 40 سالہ امیت سوسانہ کے نام سے کی۔