منظور پشتین انسداد دہشتگردی عدالت میں، سات روزہ جسمانی ریمانڈ
پاکستان میں پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حوالے کیا ہے۔
منظور پشتین کو گزشتہ دنوں بلوچستان پولیس نے حراست میں لے کر صوبہ بدر کرتے ہوئے خیبر پختونخوا پولیس کے حوالے کیا تھا۔
پی ٹی ایم کے سربراہ کو جمعرات کی صبح اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
اُن کے وکلا نے مقدمے کو جعلی قرار دیا تاہم عدالت نے سرکاری استغاثہ کی استدعا پر منظور پشتین کو سی ٹی ڈی کے حوالے کیا۔
عدالت نے سات روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر منظور پشتین کو دوبارہ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔