’نظم وضبط کی بار بار خلاف ورزی‘، مہتاب عباسی ن لیگ سے بے دخل
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی بڑی سیاسی جماعت مسلم لیگ نواز نے اعلان کیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ اور سینیئر رُکن کو پارٹی سے بے دخل کر کے اُن کی رکنیت منسوخ کر دی گئی ہے۔
سنیچر کی شام مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے سردار مہتاب کی پارٹی رکنیت بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں لکھا گیا ہے کہ ’پارٹی ڈسپلن کی بار بار خلاف ورزیوں کے پیش نظر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نے سردار مہتاب احمد عباسی کو فوری طور پر ن لیگ سے نکال دیا ہے اور ان کی پارٹی رکنیت بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔‘
سردار مہتاب عباسی کو مسلم لیگ نواز نے حالیہ عام انتخابات میں ایبٹ آباد کے حلقے سے پارٹی ٹکٹ نہیں دیا جس کے بعد انہوں نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا اور بعد ازاں تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت میں انتخابات سے دستبردار ہو گئے۔
گزشتہ ماہ ایک پریس کانفرنس میں سردار مہتاب عباسی نے کہا تھا کہ ’سب مل کر بیٹھیں اور انتقام کی کارروائی بند ہونی چاہیے، میرے نواز شریف کے ساتھ اصولی اختلاف ہیں، مریم نواز سے کوئی اختلاف نہیں لیکن سیاسی جماعتوں میں جمہوریت ہونی چاہیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ ن کا ڈھانچہ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے، ن لیگ اب صرف پنجاب تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔‘