عالمی خبریں

دھماکے کی مذمت، پاکستانی عوام بغیر کسی خوف لیڈر منتخب کرنے کے حقدار: امریکہ

فروری 1, 2024 2 min

دھماکے کی مذمت، پاکستانی عوام بغیر کسی خوف لیڈر منتخب کرنے کے حقدار: امریکہ

Reading Time: 2 minutes

امریکہ نے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں پی ٹی آئی کی ریلی میں بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ ’یہ حملہ ان واقعات میں سے ایک ہے جو ہم نے پچھلے مہینے میں کئی پارٹیوں کے خلاف ہوتے دیکھے جبکہ ملک کے کئی حصوں میں الیکشن کمیشن خود بھی حملوں کی زد میں آیا ہے۔‘

یہ دھماکہ پچھلے ہفتوں میں ہونے والے ان واقعات میں سے ایک ہے جو آٹھ فروری کو ہونے والے الیکشن کی مہم کے دوران ہوئے۔

بریفنگ کے دوران میتھیو ملر نے دھماکے سے متاثر ہونے والے افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ایسے کسی پر پرتشدد واقعے کی مذمت کرتے ہیں جس سے الیکشن کا عمل متاثر ہونے کا امکان ہو۔‘

سبی میں پی ٹی آئی کی ریلی کے دوران ہونے والے بم دھماکے کے بعد حکام کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اس میں 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی عوام یہ حق رکھتے ہیں کہ وہ بغیر کسی خوف کے اپنے لیے لیڈر منتخب کریں اور پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف کام کے لیے پرعزم ہیں، جو پورے خطے کے لیے خطرہ ہیں۔‘
’ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان حکومت کی کوششوں کو حمایت کرتے ہیں۔‘

بدھ کو نامعلوم افراد نے دو افراد کو قتل کیا تھا جن میں ایک امیدوار تھا اور ان کا تعلق خیبرپختونخوا سے تھا جبکہ دوسرا بلوچستان سے تعلق رکھتا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے منگل کو کہا گیا تھا کہ ’’ہم دنیا کے باقی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی جمہوری اصولوں، انسانی حقوق کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی پر زور دیتے ہیں۔‘

میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ ’امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا، ہم اس بارے میں کوئی بھی موقف نہیں رکھتے کہ کون سے امیدوار اقتدار کی دوڑ میں ہیں یا نہیں۔ ہم شفاف اور غیر جانبدار انتخابی پراسس چاہتے ہیں۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے